مریم اپنے والد کیساتھ بیرون ملک جانے کی خواہشمند، پاسپورٹ کی واپسی راہ میں حائل


Mian Fayyaz Ahmed Posted on November 08, 2019

لاہور:مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا پاسپورٹ واپس لینے کے لیے وکلا نے مشاورت کرتے ہوئے متفرق درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسی حوالے سے وکلا کی قانونی مشاورت کے بعد درخواست دائر کی جائے گی۔ مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالے جانے کے بعد والد کے ہمراہ بیرون ملک جانے میں سب سے بڑی رکاوٹ ان کا پاسپورٹ ہے، جو لاہور ہائیکورٹ کے پاس جمع ہے۔

مریم نواز کی ہائیکورٹ سے چودھری شوگر ملز کیس میں درخواست ضمانت منظور ہونے کے بعد عدالتی حکم پر پاسپورٹ جمع کروایا گیا تھا۔ وکلا کی جانب سے عدالت سے پاسپورٹ واپس لینے کیلئے قانونی طریقہ اپنایا جائے گا۔مریم نواز نے احتساب عدالت پیشی کے وقت بھی مریم نواز نے کہا تھا کہ میاں نواز شریف کی طبعیت ناساز ہے اور ان کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی ضرورت ہے اور اس وقت ان کو سب سے زیادہ ضرورت میری ہے۔ پاسپورٹ واپس ملنے کی صورت میں مریم نواز والد کے ہمراہ پیروں ملک جا سکتی ہیں۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا نواز شریف کی صحت بہت خراب ہے، ان کے پلیٹ لیٹس ادویات سے بھی بہتر نہیں ہو رہے. نواز شریف کے پلیٹ لیٹس گزشتہ روز بھی گر گئے، ان کی بیماری کی تشخیص نہیں ہو رہی، سیاست چلتی رہے گی، والدین دوبارہ نہیں ملتے، بڑی مشکل سے آج عدالت پیش ہوئی۔

مریم نواز کا کہنا تھا نواز شریف کے بیرون ملک جانے کے معاملات شہباز شریف دیکھ رہے ہیں. مشکل ہے نواز شریف باہر جائیں اور میں نہ جا سکوں. ڈیل کی باتیں کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ ایک سال قبل اپنی ماں کھو چکی، پوری توجہ میاں صاحب پر ہے۔ والد کو ملازموں اور نرسز پر نہیں چھوڑ سکتی۔ سروسز ہسپتال کے بورڈ اور اپنے ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ تمام آپشن استعمال کرلئے اب نواز شریف کو سپیشلائزڈ سینٹر جانا چاہیے۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ بیرون ملک سفر پر فی الحال نہیں جاسکتی میرا پاسپورٹ عدالت کے پاس ہے۔ میاں صاحب باہر چلیں جائیں اور میں نہ جا سکوں تو میرے لئے بہت مشکل ہوگا، والد کی بہت فکر ہوتی ہے، انشااللہ سچ غالب آ کر رہے گا۔

ادھر چودھری شوگر ملز کیس میں احتساب عدالت نے مریم نواز کے کزن یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 22 نومبر تک توسیع کر دی۔ مریم نواز احتساب عدالت پیش ہوئیں۔ عدالت نے مریم نواز کے وکیل سے استفسار کیا مریم نواز کی ضمانتی مچلکے کہاں ہے، جس پر وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا ضمانتی مچلکے جمع کروا دیئے ہیں، اصل کاپی کورٹ میں جمع ہے۔

عدالت نے نیب پراسکیوشن سے استفسار کیا چوہدری شوگر ملز کیس کا ریفرنس کب دائر کیا جائے گا، جس پر سرکاری وکیل نے کہا ریفرنس جلد ہی عدالت میں دائر کردیا جائے گا۔ عدالت نے مریم نواز سے استفسار کیا آپ ضمانت دے رہی ہیں کہ عدالت میں پیش ہونگی جس پر مریم نے کہا حکم کی تعمیل کروں گی، آج بھی میاں صاحب کو چھور کر آنا مشکل تھا، عدالت کا احترام کرتی ہوں۔ احتساب عدالت نے چودھری شوگر ملز کیس کی سماعت 22 نومبر تک ملتوی کر دی۔